فیصل کریم کنڈی

ممتاز حسین راٹھور کی ریاست کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،فیصل کریم کنڈی

حویلی کہوٹہ (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مرحوم ممتاز حسین راٹھور کی ریاست کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

حویلی کی عوام بڑی خوش قسمت ہے کہ انہیں ایسا لیڈر ملا جس نے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جس بنا پر عوام کے دلوں میں ممتاز راٹھور آج بھی زندہ ہیں۔ فیصل ممتاز راٹھور اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔ حویلی کی عوام پاکستان کی پہلی ڈیفنس لائن ہیں جنہوں نے افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور مسلح افواج پاکستان نے اپنی سے بڑی طاقت کا غرور خاک میں ملایا۔

ہندوستان کو ایسا منہ توڑ جواب ملا کہ نہ صرف وہ بلکہ اس کے اتحادی بھی چیخ اٹھے۔ پاکستانی آج دنیا میں سر فخر سے بلند کر کے چلتے ہیں۔ ہماری بہادر فوج نہ صرف پاکستان کی محافظ ہیں بلکہ امت مسلمہ بھی آج پاک فوج کی طرف نظریں جمائے بیٹھی ہے۔ ہندوستان کی زبردست ہزیمت پر ٹرمپ نے بھی کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی بات کی۔ وہی سفارتی محاز پر بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے اس وقت دنیا کے کئی ممالک کے دورے پر ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں ان کی مکمل آزادی تک ہر محاذ پر حمایت جاری رکھی جائے گی وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریبوں کی بات کرتی ہے اور آنے والے دنوں میں ہر غریب آدمی کو بینظیر کارڈ ملے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس بنا پر یم کہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں اگلی حکومت ہماری جماعت کی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر مرحوم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی 26 ویں برسی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت سئنیر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد ریاض نے کی۔تقریب کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ میرا اور مرحوم ممتاز راٹھور کا ساتھ رہا ہے وہ درویش صفت انسان تھے جنہوں نے عام لوگوں کو بھی حکمرانی کا حق دیا۔

ممتاز راٹھور اور اب فیصل ممتاز حویلی کے لوگوں کی شناخت ہیں۔ حویلی کی زرخیز زمین ہیں جہاں ہمیشہ بڑے لوگ پیدا ہوئے۔ مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مکار دشمن ہندوستان کو شکست سے دو چار کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مکمل آزادی تک جدجہد جاری رکھیں گے۔تقریب سے وزراء حکومت میاں عبد الوحید خان،، چوہدری قاسم مجید، سردار ضیاء القمر، معاون خصوصی وزیر اعظم محترمہ نبیلہ ایوب، سردار امجد یوسف، راجہ مبشر اعجاز سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا اور مرحوم ممتاز راٹھور کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں ریاست بھر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان و چاہنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس سے قبل گورنر خیبرپختونخواہ نے مرحوم ممتاز راٹھور کے مزار پر حاضری دی مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی اور ان کی خدمات کر سراہا۔گورنر خیبرپختونخواہ جلسہ گاہ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔