لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ویژن کے تحت تمام شہریوں کو بلا امتیاز مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کا وعدہ پورا کر دیاہے اور ملک بھر کے خاندانوں میں قومی ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کا آغاز کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔
ڈاکٹر سیمی بخاری ممبر قومی اسمبلی و سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ اینڈ نرسنگ کونسل نے لاہور جنرل ہسپتال میں قومی صحت کارڈ کے لئے قائم کاؤنٹر کے معائنے پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی و معروف گائنا کالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرکو قدرت نے انتظامی صلاحیتوں اور دست شفاء سے مالا مال کیا ہے جوحکومت اور صحت عامہ کے لئے باعث فخر ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے رکن قومی اسمبلی کو ہیلتھ کارڈ کے بارے میں مکمل بریفنگ دی جس پر انہوں نے اس کاؤنٹر پر کیے گئے بہترین اقدامات پر تعریف کی جبکہ اس موقع پر دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر سیمی بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نجی ہسپتالوں سے علاج کروانا غریب آدمی کا محض خواب ہی ہوا کرتا تھا اور صرف دولت مند اور اشرافیہ ہی پرائیویٹ ہسپتالوں سے استفادہ کرتے تھے لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے ہر شہری کو10لاکھ روپے کے مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کر دی ہے اور اب شہری آزادانہ طور پر نجی ہسپتالوں سے علاج کروا سکیں گے جس سے ان کی عزت نفس اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا اور دوسری طرف سرکاری ہسپتالوں پر دباؤ میں کمی آئیگی۔
ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ حکومت کی کامیا ب حکمت عملی،موثر نظام اور پاکستانی ڈاکٹرز و نرسز کی دن رات محنت سے مادر وطن میں کورونا کا پھیلاؤ دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہو رہا ہے اور عالمی ادارہ صحت سمیت تمام طبی ماہرین نے پاکستانی معالجین و پیرا میڈیکس کی پیشہ وارانہ قابلیت اور اہلیت کو سراہا جبکہ کورونا کنٹرول پر وزیر اعظم کی شاندار پالیسی کی تمام دنیا معترف ہے۔ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے ممبرقومی اسمبلی کو بتایا کہ کووڈ 19کے اب تک 1لاکھ 40ہزار ٹیسٹ بلا معاوضہ کیے جا چکے ہیں جبکہ یہی ٹیسٹ نجی مارکیٹ میں 90کروڑ روپے کے ہونے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی خصوصی ہدایت پر ایل جی ایچ میں کسی فرد کو کورونا کی تشخیص کے لئے ایک پائی بھی خرچ نہیں کرنا پڑی اور تمام ٹیسٹ مفت کیے گئے۔
ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ کورونا کی 5ویں لہر نے دنیا بھر میں ایک مرتبہ پھر تہلکہ مچا دیا ہے اور پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں بھی اومی کرون کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جو ہم سب کے لئے تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی نئی قسم پر قابو پانے کے لئے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی کا ساتھ دیتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا اور جلد از جلد ویکسی نیشن کروانا ہوگی۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں،سماجی فاصلہ رکھیں اور اس سلسلے میں طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ وائرس کو محدود کیا جا سکے۔