لاہور،پشاور،کوئٹہ ،کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ملک کے شمالی علاقوں اور بلوچستان میں شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، بالائی خیبرپختونخوا میں بھی سردی کی صورتحال برقرار رہے گی۔موسم کی شدت کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ دوسری جانب ملک بھر میں دھند نے راستے دھندلا دیےجس کے باعث موٹرویزمختلف مقامات سے بند کردی گئیں۔سینٹرل ریجن ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-3 جڑانوالہ سے درخانہ، موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم، موٹروے ایم 5-ملتان سے ظاہر پیر، اور ملتان سے سکھر تک دھند کے باعث بند کردی گئیں۔
اِسی طرح موٹروے ایم -5 ملتان سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہونے پر موٹرویز بند کردی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔موٹر ویز سینٹرل ریجن ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری نہ کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بدھ کو دوسرے روز بھی شدید دھند چھائی رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔پشاور شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں حدِ نگاہ صفر تک ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
شیرگڑھ کے علاقوں جلالہ، ہاتھیان اور لوندخوڑ سمیت مضافات گزشتہ دو دنوں سے شدید دھند اور سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے عوام سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسی طرح رستم اور گردونواح میں بھی دوسرے روز دھند کا راج رہا۔پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، صوابی اور دیگر میدانی علاقوں میں بھی شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست ہوگئی۔دھند کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر حدِ نگاہ 50 میٹر تک محدود ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں یا متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق دوحہ سے پشاور آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز QR-600 اور پشاور سے دوحہ جانے والی پرواز QR-601 شدید تاخیر کا شکار رہیں۔شارجہ سے پشاور آنے والی ایئر عربیہ کی پرواز G9554 اور پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز G9555 بھی خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔اسی طرح راس الخیمہ سے آنے والی پرواز G9864 اور وہاں روانہ ہونے والی پرواز G9865 متاثر ہوئیں۔ ابوظہبی سے پشاور آنے والی اتحاد ایئرویز کی پرواز EY-276 اور پشاور سے ابوظہبی جانے والی پرواز EY-277 میں بھی تاخیر رپورٹ کی گئی۔ فلائی اڈیل کی پشاور آنے والی پرواز دھند کے باعث اسلام آباد منتقل کر دی گئی۔پی اے اے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔ ترجمان کے مطابق دن ساڑھے 11 بجے تک حدِ نگاہ ناقص رہنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا کراچی کا فضائی معیار بدھ کوبھی انتہائی مضر صحت قرار دیا گیا ۔ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی )کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے، جس کے باعث شہریوں خصوصا بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہر قائد میں سرد ہواﺅں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ۔ رات اور صبح سویرے ٹھنڈی ہواﺅں کے چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق کی جانب سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔









