سراج الحق 62

ملک کے تمام مسائل کا حل اللہ کے دین، انصاف اور عدل کے نظام میں ہے ،سراج الحق

پنگریو(رپورٹنگ آن لائن)جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے ماتلی میں مرحوم شوکت شیخ کی یاد میں منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل امریکی غلامی میں نہیں بلکہ اللہ کے دین، انصاف اور عدل کے نظام میں ہے۔

انہوں نے مرحوم شوکت شیخ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے دین کے لیے کی گئی محنت کبھی ضائع نہیں جاتی، اور لوگوں کی بے پناہ محبت ان کی ساری عمر کی مخلصانہ جدوجہد کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مسلمان متحد ہو کر اللہ کے دین کا نظام نافذ کریں گے تو پاکستان ایک بڑی طاقت بن کر دنیا میں امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے امریکی پالیسیوں اور دوہرے معیار کو مسلم ممالک کے لیے خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور افریقہ جیسے خطے امریکی تسلط سے آزادی کے بعد ایک نئے عالمی نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

پاکستان کو بھی واشنگٹن کی غلامی ترک کر کے ایک خودمختار اور آزاد خارجہ پالیسی اپنانی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امیر اور غریب کے لیے یکساں انصاف کے قیام اور نوجوانوں کی رہنمائی میں جماعتِ اسلامی کے کردار کو مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شوکت شیخ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے متحد ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اللہ کے دین کی بنیاد پر محنت اور جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں مضبوط اور خودمختار بن سکے۔

جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ شوکت شیخ نصف صدی سے زائد عرصے تک جماعتِ اسلامی سے وابستہ رہے اور ان کی زندگی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔تقریب میں جماعتِ اسلامی کے کارکنان، عہدیداران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر جماعتِ اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی، جنرل سیکریٹری عبدالکریم بلیڈی، نائب امیر غلام رسول احمدانی، اللہ بچیو ہالیپوو، اسسٹنٹ سیکریٹری علی گل، ڈاکٹر عبدالمالک شیخ اور عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں