مراد علی شاہ 7

ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ہم امن چاہتے ہیں، وزیراعلی سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلی سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے افغانستان میں قائم دہشت گردوں کے سات ٹھکانے کامیابی سے تباہ کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا بھرپور جواب دینا پاکستان کا دفاعی ردعمل ہے اور قومی سلامتی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ خودکش حملوں کے پس پردہ عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں اور اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والے حملوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

وزیراعلی سندھ کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی قوم کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی اور ریاست پوری طرح متحرک ہے جبکہ عوام متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں