اشرف بھٹی

ملک کی ترقی کے لئے معاشی میثاق ناگزیر ہو چکا ہے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے معاشی میثاق ناگزیر ہے اور اس کے لئے بلا تاخیر پیشرفت کی جانی چاہیے، حکومت کو اس سلسلہ میں آگے آنا ہوگا تاکہ یہ عمل سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز بھی آگے آئیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے طے پانے والے میثاق کو قومی دستاویز کی حیثیت دی جانی چاہیے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ اسے پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی میثاق میں پاکستان کو قرضوں کو دلدل سے باہر نکالنے کیلئے بھی نکات شامل ہونے چاہئیں اور آئندہ قرض کے حصول کے لئے بھی ایک ضابطہ اخلاق طے کیا جائے کہ کن نا گزیر حالات میں قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ اسی کے تحت میڈ ان پاکستان کو فروغ دیا جائے اور عوام کو اپنی مصنوعات کے استعمال کی جانب راغب اور درآمدات کے معیشت پر پڑنے والے بوجھ سے آگاہ کیا جائے ۔ اس مہم کی کامیابی کے لئے حکمران طبقے کو عملی مظاہرہ کرنا ہوگا اور پھر اس کے بعد وسائل رکھنے والے طبقات اس طرف آئیں گے۔