اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی بربادی کا قصور وار صرف اور صرف عمران خان ہے، چوروں کو این آر او دے کر تباہی کا الزام دوسروں پر مت ڈالیں ،اس تباہی و ملک کی بربادی کا قصور وار صرف اور صرف عمران خان ہے، پاکستان کی معاشی مشکلات عمران صاحب کی تین سال کی تاریخی کرپشن اور چوری کا تحفہ ہے،
عمران صاحب نے 600 ارب کی چینی، 509 ارب کا آٹا، 800 کی ارب ایل این جی، 700 ارب کی دوائی چوری نہ کی ہوتی تو عوام آج مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں نہ پس رہے ہوتے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 16000 ارب کا عمران صاحب قرض نہ لیتے تو یہی پیسہ اسکولوں اور ہسپتالوں پہ خرچ ہو رہا ہوتا، عمران صاحب اپنی اور اپنے اے ٹی ایمز اور مافیا کی جیبیں نہ بھرتے تو آج عوام کو سستا آٹا ، چینی بجلی گیس دوائی مل رہے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 74 سال میں اتنی تباہی نہیں آئی جو ان 3 سال میں عمران صاحب کی کرپشن چوری، نالائقی نااہلی سے آئی ہے، عمران صاحب کی لوٹ مار کے اثرات آنے والے دس سال تک قوم کو برداشت کرنے پڑیں گے۔ ترجمان (ن) لیگ نے کہا ترقی کی شرح 5.8 فیصد، مہنگائی 3 فیصد والے ملک کو عمران صاحب کی تباہ کن کرپشن نے تنزلی کی دلدل میں دھکیل دیا، ایک ایسے ملک کو جہاں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا، غربت اور غریبوں کی تعداد کم ہو رہی تھی، عمران صاحب کی تباہ کن کرپشن نے معاشی تباہی سے دو چار کر دیا۔
لیگی رہنما نے کہاکہ ایک ایسے ملک کو جہاں دہشت گردی ختم ہو رہی تھی، سی پیک آ رہا تھا، ملکی قرضے ختم ہو رہے تھے، عمران صاحب نے دوبارہ ریورس گیئر لگا دیا، ایک ترقی کرتے ملک کو عمران صاحب نے اپنی تباہ کن کرپشن سے ذلت و رسوائی اور تنزلی کی طرف دھکیلا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام اب عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، اپنے اعمال کا حساب دینا پڑے گا، عمران صاحب اور ان کے چور اے ٹی ایمز ملک پر مسلط نہ ہوتے تو آج پاکستان کی یہ حالت اور عوام کی زندگی اجیرن نہ ہوتی۔