مسرت جمشید چیمہ

ملک کو مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے ،حکمران پی ٹی آئی کیخلاف نا انصافی ،جبر کا سلسلہ ترک کر دیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ نازک حالات میں ملک کو مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے اس لئے حکمران پی ٹی آئی کے خلاف نا انصافی اور جبر کا سلسلہ ترک کر دیں.

بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں ان پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کر کے انہیں با عزت رہا ئی دی جائے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے بھی ملک و قوم کے اتحاد اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

اس وقت ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے اس لئے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہادر ی اور شجاعت میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ،بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے پہلے کبھی مرعوب ہوئے نہ آئندہ ہوں گے بلکہ بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال مقابلہ کرنے کے لئے تیا رہیں ۔