کراچی(رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہاہے کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل سیاست میں ہے، اور تمام جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔
خصوصی گفتگومیں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تیل، بجلی اور گیس کی قیمتیں ساتویں آسمان سے بھی اوپر جا چکی ہیں، جس کا براہ راست اثر عام عوام پر پڑ رہا ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیو ایم کا وجود ختم ہوگیا ہے.
لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے تنظیم نو کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں نئے لوگوں کو شامل کرنا چاہیے تاکہ مزید مضبوطی حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی معاشی سرگرمیاں پورے ملک کو متاثر کرتی ہیں، اگر کراچی چلتا ہے تو اسلام آباد اور راولپنڈی بھی چلتا ہے۔انہوں نے حالیہ کنٹینرز جلنے کے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا الزام بھی ہم پر لگا دیا گیا.
حالانکہ ان واقعات سے ہر پاکستانی متاثر ہوا ہے۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ وہ اور آفاق احمد کئی امور پر ایک ساتھ بات کر رہے ہیں اور کچھ معاملات میں یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دن کے اوقات میں کنٹینرز کے چلنے پر پابندی ہے، اس کے باوجود یہ سڑکوں پر نظر آتے ہیں، جو قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پنشنرز کے حقوق کے لیے بھی بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔