لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے لیکن وفاق میں بیٹھے نالائقوں کو کوئی فکر نہیں،معیشت کی بد حالی کی وجہ سے پٹرول اور پٹرولیم مصنوعات منگوانے کے بھی پیسے نہیں رہے،ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل نئے انتخابات میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں تین پارکوں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اسلم اقبال نے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام پارکوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔شہریوں کو بہتر تفریحی سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحی ہے۔ صوبائی حلقہ 151کے تمام پارکوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مرکز میں برا جمان نا اہل حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ یہ کرپٹ مافیا این آر او ٹوکی تکمیل کے لئے اسمبلیوں کی طوالت چاہتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن ہمیشہ انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے،لیکن ہماری اپویشن اسمبلیوں میں رہنا چاہتی ہے۔ وفاقی حکمرانوں نے گزشتہ 8ماہ میں غریب عوام کی بجائے صرف اپنی خدمت کی ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کرپٹ مافیا کے باہر پڑے پیسے بھی بڑھ جاتے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کے زندگی اجیرن کر دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں 40فیصد کمی ہوئی لیکن پاکستان میں قیمتوں میں کمی نہیں کی جارہی۔دنیا کا کوئی مالیاتی ادارہ کرپٹ حکمرانوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ۔ اس لیے معیشت کی تباہی کے ذمہ داروں کو اب جانا ہوگا۔