محمد اورنگزیب

ملک کوپائیدارنمو کی طرف لے جانے میں سٹاک مارکیٹ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے ،وزیر خزانہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ ملک کوپائیدارنمو کی طرف لے جانے میں سٹاک مارکیٹ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے،پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی سے ملکی معیشت پرسرمایہ کاروں کے اعتمادکی عکاسی ہورہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہاربدھ کوکراچی سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم محمدشہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پرڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزراء ،گورنرسندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ، کراچی کی بزنس کمیونٹی کے نمائندے اوراعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔

وزیرخزانہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی سے ملکی معیشت پرسرمایہ کاروں کے اعتمادکی عکاسی ہورہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ایس بی اے اورتوسیعی فنڈ سہولت پروگرام کا بنیادی مقصدکلی معیشت کے استحکام کوبرقراررکھنا اوراسے برآمدات پرمبنی پائیدارنموکی طرف لے جانا تھا جس کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے حوالہ سے پالیسی سازی اوران پرعمل درآمدپرہماری بھرپورتوجہ ہے۔ڈیجیٹلائزیشن کے حوالہ سے اقدامات ہورہے ہیں، کسٹم میں فیس لیس انٹرایکشن کا نظام وضع کیاجاچکاہے، توانائی کے شعبہ میں اصلاحات پرعمل درآمدہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے جامع ایجنڈاکے تحت کام جاری ہے، پنشن کے نظام میں اصلاحات پرعمل درآمد شروع ہوچکاہے، قرضوں کی ادائیگی میں بہتری آئی ہے۔

ہم وفاقی حکومت کے خرچوں اورحجم میں کمی لارہے ہیں، 42وزارتوں اور400منسلک اداروں کا جائزہ لیاجارہاہے،یہ عمل بتدریج آگے بڑھارہے ہیں، اس حوالے سے فیصلہ سازی ہوتی ہے، وزیراعظم اورکابینہ منظوری دیتی ہے اوراس پرعمل درآمدشروع ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گزشتہ ایک سال میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیاہے، انڈیکس میں 65ہزارپوائنٹس کااضافہ ہواہے اوراس میں مزید بہتری آرہی ہے،لیسٹد کمپنیوں کی تعدادمیں بھی اضافہ ہورہاہے، مزید آئی پی اوز آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کوپائیدارنمو کی طرف لے جانے میں سٹاک مارکیٹ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے،ملک کا انحصارملک کی بینکنگ کی صنعت پرہے، 90کے اواخرمیں واپڈا کے بانڈز ہم کامیابی سے لانچ کرچکے ہیں، انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ میں ٹیکسیشن کے حوالہ سے مسائل کوحل کرلیا جائیگا، وزارت خزانہ اس حوالہ سے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔قبل ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹوآفیسرفرخ سبزواری نے کہاکہ کلی معیشت کے استحکام اورپالیسی ریٹ میں کمی سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی آئی ہے.

ہم اپنے چینی شراکت داروں کے بھی مشکورہیں، چینی سٹاک ایکس چینجز کے ساتھ ہماری بہترین شراکت داری ہے، ہم نے چین کے تین سٹاک ایکس چینجز سے ایم اویوز پر دستخط کئے ہیں اورہمارے درمیان تکنیکی معاونت کاسلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ نے ایک سال میں 80فیصد کاریٹرن دیاہے جو مارکیٹ کی بہترین کارگردگی کی عکاسی کررہاہے، مشکلات کے باوجود ہم نے بہترین کارگردگی دکھائی ہے، مارکیٹ میں بہت گنجائش موجودہے۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں 525 کمپنیاں رجسٹرڈہیں، 70فیصدٹریڈنگ والیوم شریعہ کمپلائنٹ ہے جبکہ اس وقت مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاحجم 52.5ارب ڈالرسے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم فرنٹئیرمارکیٹ کاحصہ ہے مگرہماراحصہ 5.4فیصدہے جوکم ہے، اس میں بتدریج اضافہ کرناہے، ہماری کوشش ہے کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کو 100 ارب ڈالرتک پہنچایا جائے۔اس وقت جی ڈی پی کے تناسب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کاحصہ 14فیصدہے جس میں اضافہ کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ نئی سٹارٹ اپس اور نئی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ بچتوں اورسرمایہ کاری پربھرپورتوجہ ضروری ہے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ بزنس کیلئے اوپن ہے اورملکی سرمایہ کاروں کو اس سے بھرپوراستفادہ کرنا چاہیے۔