احسن اقبال 12

ملک پٹڑی پر چڑھ رہا ہے ، کچھ لوگ انتشار ،دھرنوں کی سیاست کر کے ملک کی ترقی روکنا چاہتے ہیں’ احسن اقبال

نارووال ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے دور میں ترقی کا سفر ہرگائوں ہر گھر تک پہنچے گا،ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے،دہشتگردوں کوشکست دے کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بھی ترقیاتی منصوبے ہیں یہ مسلم لیگ (ن)کے دور کی علامت ہیں،مسلم لیگ (ن)نے اپنے دور میں بڑے بڑے منصوبے بنائے اور پاکستان میں نارووال کو علم اور تعلیم کا مرکز بنا کر مثال پیش کی، وزیراعظم اور وزیر اعلی نے بھی کہا کہ نارووال میں بہترین یونیورسٹیاں ہیں ،پھر ہمارا یہ سفر ٹوٹ گیا جب ایک اناڑی کو حکومت دی گئی ،اس نے چار سال گالم گلوچ کے اور کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا،چار سال میں ترقیاتی کام کی کوئی ایک نشانی نہیں۔

اب اس جیل میں بیٹھ کر جہاں مجھے جھوٹے مقدمہ میں قید کیا گیا تھاچیخیں مار رہا ہے کہ میرا علاج کرا ئوحالانکہ اسے علاج کی بہترین سہولتیں مہیا کی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ملک پٹڑی پر چڑھ رہا ہے یہ لوگ مل کرپھر انتشار اور دھرنوں کی سیاست کر کے ملک کی ترقی روکنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت بھی جنگ میں اپنی شکست کے بعد شرمندگی سے نکلنے کے لیے دہشت گردی کا سہارا لے رہا ہے لیکن ہماری بہادر مسلح افواج نے پہلے بھی انہیں شکست دی اور اب بھی پاکستان ان کا پیچھا کرے گا اور انہیں شکست دے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب متحد ہو کر اور مل کر اس جنگ کو جیتیں اور پاکستان کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں