اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے قابل از وقت آغاز کے واضح شواہد ملے ہیں۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک میں انڈور شادیوں ، ریستورانٹس اورجمز میں صرف ویکسین شدہ افراد کی شرط پر عمل نہیں ہوا ہے۔
اسد عمر نے ان ڈور ریستورانٹس، انڈور شادیاں اور جمز کو بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق ان ڈور تقریبات میں صرف ویکسین شدہ افراد کی شرکت کی شرط پر عمل نہیں ہو رہا ہے اور اگر ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نہ دکھائی تو یہ سہولت بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ 2 ہفتے قبل کہا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈلز چوتھی لہر کے آغاز کو ظاہر کر رہے ہیں تاہم اب واضع طور پر چوتھی لہر کے آغاز کی ابتدائی علامات کو دیکھا جاسکتا ہے ملک میں ایس او پیز پرعمل درآمد نہ ہونا اور مختلف ویری انٹس خاص طور پر کرونا کی بھارتی قسم کا پھیلا بڑی وجوہات ہیں۔