کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا کہنا ہے کہ ملک میں رنگ نسل اور مذہب کی بنیاد پر نفرت کے بیج بونے والوں سے سختی سے نمٹنا پڑے گا۔سلیم مانڈوی والا نے سانحہ 12 مئی سے متعلق اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ سانحہ 12 مئی کی برسی پر سانحے کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، اس دن کو ایک خون کا کھیل کھیل کر کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی تھی۔ انکا کہنا ہے کہ ملک میں نسلی، لسانی یا مذہبی تفریق اور عدم برداشت کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک میں رنگ نسل اور مذہب کی بنیاد پر نفرت کے بیج بونے والوں سے سختی سے نمٹنا پڑے گا۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے نسلی، لسانی اور مذہبی تفریق کو ختم کرنے اور آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے دی گئی قربانیوں کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید کے مشن کو آگر لیکر چلنے اور معاشرے میں عدم برداشت کو روکنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔