رانا ثنا اللہ

ملک میں غیر آئینی مداخلت کے تمام راستے تیرہ دسمبر سے بند ہو جائینگے’ رانا ثنا اللہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عوام پی ڈی ایم کے جلسہ میں شریک ہوکر کٹھ پتلی حکومت کے خلاف فیصلہ دیں گے ،ملک میں اب ووٹ کی عزت ہوگی اورووٹ کے فیصلے کو تسلیم کیاجائے گا ،منصفانہ انتخابات ہوں گے تو عوامی فیصلے کو تسلیم کرکے مینڈیٹ سے جمہوری حکومت قائم ہوگی ،ملک میں غیر آئینی مداخلت کے تمام راستے تیرہ دسمبر سے بند ہو جائیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اب ملک میں جمہوری دور ہوگا اورووٹ کے فیصلے کو تسلیم کیاجائے گا ،ہر فرد اور ادارہ کوآئینی حدود میں رہناہوگا،آئین و قانون کے مطابق چلنا ہوگا ، یہی مہنگائی مسائل کا علاج اورعوام کی خوشحالی کا راز بھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ عمران نیازی خود مدعی بن کر مقدمات درج کروائیں ،انتظامیہ کا کوئی تعاون نہیں ،کرسیاں لائٹنگ کا انتظام کرنے والوںکے خلاف کریک ڈائون کیا گیا اور رکاوٹیں ڈالی گئیں۔ا نہوںنے کہا کہ عمران خان کو وارننگ دیناچاہتاہوں کہ پرامن جلسہ ہے ،پر امن طور پر قائدین کا خطاب ہوگا ،اگر حکومت نے مداخلت جاری رکھی تو کوئی حادثہ ہوسکتا ہے جس کی ذمہ داری بنی گالہ کی حکومت اورانتظامیہ پر ہوگی ۔ سرکاری افسران اور اہلکاران کٹھ پتلی حکومت کے نوکر نہ بنیں، کوئی تصادم یا حادثہ ہوا تو آپ پر مقدمات اور آپ نوکریوں سے بھی چلے جائیں گے ،اگر ریاست کے نوکر کے طورپر کام کیا تو کٹھ پتلی حکومت صرف تبادلہ کر سکتی ہے ۔

ا نہوںنے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت جتنے چاہے مقدمات درج کرے ،سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات درج کرانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کرے لیکن ایک حکم سے سب ختم ہو جائیں گے ۔ مینار پاکستان سے پیغام اتنازور دارہوگا کہ بنی گالہ تک پہنچ جائے گا،شیخ رشید جو بھی ہے ایک سٹریٹ ورکر سے اورچپڑاسی سے وزیر داخلہ بنا ہے اس کو مبارک باد دیتاہوں ،ہم اپنے مقصد ووٹ کی عزت دو کیلئے ہر خطرہ مول لینے کیلئے تیار ہیں۔