ادارہ برائےشماریات

ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر مسلسل تیسرے ہفتے میں کمی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر مسلسل تیسرے ہفتے میں کمی ریکارڈ کی گئی، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.39 فیصد کی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 1.16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 322.71 ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.39 فیصد کم ہے۔ پیوستہ ہفتہ میں قیمتوں کا حساس اشاریہ 323.97 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ہفتہ کے دوران روزمرہ کی 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اس کے برعکس 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 18.31 فیصد، آلو 10.42 فیصد، پیاز 10.01 فیصد، انڈے 8.64 فیصد، چکن 2.17 فیصد، ایل پی جی 1.21 فیصد، دال ماش 0.81 فیصد، سرسوں کا تیل 0.67 فیصد اور لہسن کی قیمت میں 0.54 فیصد کی کمی ہوئی۔

اس کے برعکس کیلے کی قیمت میں 3.22 فیصد، پٹرول 1.39 فیصد، اڑھائی کلو بناسپتی گھی 1.08 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 1.01 فیصد، جلانے کی لکڑی ایک فیصد، ڈیزل 0.99 فیصد، دال مونگ 0.89 فیصد، شرٹنگ و بناسپتی گھی (ایک کلو) 1.08 فیصد، چینی 0.72 فیصد، پکی ہوئی دال 0.59 فیصد اور باسمتی چاول کی قیمت میں 0.58 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.62 فیصد کی کمی ہوئی۔ 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.56 فیصد، 0.46 فیصد، 0.43 فیصد اور 0.31 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔