وزیر اعظم

ملک میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے، وزیر اعظم

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے، اس پوٹینشل کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے، سیاحتی مقامات پر بین الاقوامی معیار کی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے، سیاحت کے حوالے سے زیر التوا معاملات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سیاحت کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر کے سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان و دیگر صوبائی حکام بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ صوبہ پنجاب میں چار سیاحتی مقامات کے لئے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور مینجمنٹ کے لئے بین الاقوامی ادارے کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی چار انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کے ماسٹر پلان کے مسودے تیار کیے جا چکے ہیں جن کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور صوبہ پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے ذیلی قوانین اور ریگولیشنز کو حتمی شکل دی جاچکی ہے، جلد ان کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اٹک اور بالا حصار قلعے کو سیاحتی مراکز بنانے کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سیاحتی مقامات پر ائیر سفاری سروس کے اجرا کے لئے سول ایوی ایشن کی جانب سے اپنے قواعد مین ترمیم کی جا چکی ہے، اس کے نتیجے میں نجی شعبے کے لئے بے شمار مواقع پیدا ہو چکے ہیں۔ اجلاس کو مختلف سیاحتی مقامات کے لئے ڈیسٹی نیشن مینجمنٹ پلان کی تیاری کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لئے چاروں صوبوں میں سنٹرلائزڈ ٹورازم ویب سائٹ مکمل طور پر فعال ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پوٹینشل کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقامات پر بین الاقوامی معیار کی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے، سیاحتی مقامات پر ٹورسٹ ریزارٹ اور بین الاقوامی معیار کے ہوٹل قائم کرنے والوں کے لئے حکومت کی جانب سے سہولیات بشمول ٹیکس میں چھوٹ پر مبنی تجاویز پیش کی جائیں اور ان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

وزیر اعظم نے جہلم اور اس کے اطراف میں واقع ریسٹ ہاسز و دیگر تاریخی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان عمارات کی بحالی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ سیاحت کے حوالے سے زیر التوا کے معاملات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔