سرمایہ کاری

ملک میں سرمایہ کاری کے خواہشمندسرکاری اداروں کے درمیان شٹل کاک بننے پر مجبور ہیں’ موبائل فون مینو فیکچررز

اسلام آباد/لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان موبائل فون مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے ون ونڈو منصوبے کے متعد بار اعلانات کئے جا چکے ہیں لیکن اس پر پیشرفت نہیں ہو سکی ، اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے خواہشمندآج بھی سرکاری اداروں کے درمیان شٹل کاک بننے پر مجبور ہیں اور وزیراعظم خود تسلیم کر چکے ہیں کہ انہی حالات کی وجہ سے سرمایہ کار دوسرے ممالک میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حالات میں بہتری آنے کے بعد بہت سے سرمایہ کار اپنے ملک کی انڈسٹری کو ترقی دینے کے لئے سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں لیکن ان کی رہنمائی کرنے کی بجائے سرخ فیتہ حائل ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ ہے کہ ایسے مسائل کے حل کیلئے با اختیار فوکل پرسنز تعینات کریں جو صرف وزیراعظم کو جوابدہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ”کی پیڈ ”موبائل فون کی مینو فیکچرننگ کرنے والے سرمایہ کار پاکستان کے اربوں روپے کے درآمدی بل میں کمی لانے کیلئے اینڈرائیڈ موبائل فون کی ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اس لئے حکومت ان کی سرپرستی کرے ، ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے کامیاب ممالک سے جوائنٹ ونچر کیلئے حکومتی سطح پر پیشرفت کی جائے جس کے جلد نتائج برآمد ہوں گے۔ سردار خان نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مینو فیکچررز کے لئے ٹیکسز میں مزید چھوٹ دینے کا اعلان کرے تاکہ ہمارے انڈسٹری مزید ترقی کر سکے ۔