پشاور (رپورٹنگ آن لائن)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ ضم اضلاع میں ترقی کا جال بچھا کر ممکن ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ بجلی کا خالص منافع اور این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ خیبر پختونخوا کا حق ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعلی نے دونوں معاملات پر مشترکہ مفادات کونسل کو اعتماد میں لیا، علی امین گنڈاپور نے صوبے کے حقوق کا کامیابی سے دفاع کیا۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاق کو دونوں معاملات پر خط لکھے گئے لیکن جواب تاحال موصول نہیں ہوا.
اگلے سی سی آئی اجلاس میں دونوں معاملات ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق نے غیر قانونی اور غیرآئینی طور پر ضم اضلاع کا حصہ اپنے پاس رکھا، وفاق اوچھے ہتھکنڈوں کے بجائے صوبے کی مدد کرے۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وفاق سنجیدہ ہے تو ضم اضلاع کے فنڈز فوری جاری کرے، دہشتگردی صرف کے پی یا ضم اضلاع کا نہیں، پورے ملک کا مسئلہ ہے۔