منعم ظفر

ملک میں امریکی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے ،منعم ظفر خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے علاقہ ناظم آبادو گلبہار کے تحت الحسن چوک ناظم آباد نمبر 1 میں عوامی دعوت افطارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امریکی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے .

حکمرانوں کی نا اہلی و کرپشن نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران بھی پانی کی قلت اور گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے دوچار کیا ہوا ہے ، کھانے پینے کی چیزوں سمیت اشیاء صرف من مانی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں ، سندھ حکومت ، پرائس کنٹرول کرنے والے ادارے ، کسٹمز ، اے ڈی سی اور ڈی سی اپنی ذمہ داری پورے کرنے میں ناکام ہیں.

پاکستان میں کلمہ طیبہ کی سربلندی اور اللہ کی حاکمیت کا قانون نافذ ہونا تھالیکن حکمرانوں نے ہی وطن عزیز کو اس کے قیام کے مقاصد سے محروم رکھا ، ملک آمریت نافذ رہی اور جمہوریت کو مذاق بنایاگیا ،حکمران پارٹیاںآج بھی اقتدار کی بندر بانٹ اور نورا کشتی میں لگی ہوئی ہیں ،جماعت اسلامی ملک میں عدل و انصاف کے نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہے ۔

جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک ظالم حکمرانوں سے عوام کا حق حاصل کرنے کی تحریک ہے ۔ رمضان کا مہینہ درس دیتا ہے کہ ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے فضائے بدر پیدا کی جائے ۔ اہل غزہ نے ثابت کردیا ہے کہ جب ایمان کی طاقت ہو تو ظلم کے آگے ڈٹ جاتے ہیں۔ روزے کی عبادت بندہ خدا کو سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔

آخرت کااحساس ہی ہے جو انسانوں کو نیکی کرنے پرابھارتا ہے۔ رمضا ن قرآن اور جہاد کا مہینہ ہے اور ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ ہم اللہ تعالی کی بندگی اور تقویٰ اختیار کریں ۔دعوت افطار میںجماعت اسلامی ضلع وسطی کے سکریٹری سہیل زیدی نے درس حدیث پیش کیا۔ اس موقع پر ناظم علاقہ و ٹاؤن وائس چیئرمین نعمان صدیقی، چیئرمین یوسی 4 عمیر اکرم،چیئر مین یوسی 5 کمال ودیگر بھی موجود تھے۔