اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ُ پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمدنے گزشتہ روز ایک ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے معیار میں اضافے اور اس کو ملک کی سماجی و معاشی ترقی سے جوڑنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں جامعات کے وائس چانسلرز کی یہ ملاقات پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے علامہ اقبال ا وپن یونیورسٹی کے دورے کے دوران ہوئی۔ملاقات میں دونوں جامعات کے معیار تعلیم میں اضافے کے لئے مشترکہ کوششوں اور باہمی تعاون پر سنجیدہ گفتگو ہوئی۔اس ملاقات میں دونوں جامعات کے مابین تدریس و تحقیق میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کہا کہ ہمیں ایڈوانس سکلز ، ٹیکنالوجی کے کورسسز اور انجنئیرز کے لئے سپیشلائزڈ کورسز ڈیزائن کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جو ملک کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ، سب سے پرانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا اوپن یونیورسٹی آنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے ملاقات میں موجود یونیورسٹی کے پرنسپل آفیسرز کا باری باری تعارف کروایا۔پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسرڈاکٹر نیازاحمد نے اوپن یونیورسٹی کے معیار تعلیم میں اضافے کے لئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ای ٹی کے ماہر ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے تدریسی امور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے طلبہ کی سہولتوں اور یونیورسٹی کے معیار تعلیم میں مزید اضافہ کیا ۔ڈاکٹر نیار احمد نے کہا کہ لوگوں کی ہمارے پروفیشنز سے کئی گناہ زیادہ ہم سے توقعات وابستہ ہیں ، ہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے رول ماڈل ہونا چاہئیے۔ڈاکٹر نیاز نے مزید کہا کہ اﷲ نے ہمیں قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے اور ہم نے اپنے اختیارات کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پوری دیانت داری سے اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہیں اور اس کام میں اﷲ کے مدد ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔دونوں وائس چانسلرز کی اِس ملاقات میں اوپن یونیورسٹی کے پرنسپل آفیسرز بھی موجود تھے۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلرُ پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے تعلیمی معیار میں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے اور اس حوالے سے مختلف نوعیت کے اقدامات اٹھارہی ہے۔