راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ملک لاقانونیت کا شکار ہے، جس کو مرضی اندر کردیتے ہیں۔داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی، بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور وکلاء کا عدالت میں موجود ہونا بنیادی حق ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم ہے کہ سماعت کے دوران خاندان کا سماعت میں موجود ہونا ضروری ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمیں جیل جانے سے روکنا صریحاً خلاف ورزی ہے، ہم بار بار بتا رہے ہیں بانی، ان کے خاندان اور قوم کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جن سے ملنا چاہ رہے ہیں ان کو نہیں ملنے دیا جا رہا، ہم لیگل ٹیم کا حصہ ہیں ہم سب کا حق ہے کہ سماعت میں شامل ہوں۔انہوں نے کہاکہ یہ مجھ سے خائف ہیں، مجھے نہیں پتہ ان کو مجھ سے کیا خوف ہے، یہ بانی پی ٹی آئی کی آواز اور پیغام سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں کچھ نہیں ہے، یہ کیس وعدہ معاف گواہان کی بنیاد پر چلائے جا رہے ہیں، ان کے پاس کوئی گواہ نہیں سوائے اس شخص کے جس کو بانی پی ٹی آئی نے خود نکالا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس کیس میں ایف بی آر نے بھی وہی قیمت لگائی جو دستاویز میں شامل ہے، یہ لغو مقدمات ہیں، کمزور ترین گواہی پر قائم مقدمات ہیں، ایک شخص کھڑے ہو کر کہتا ہے میں نے دباؤ ڈالا ہے اس کی گواہی پر آپ یقین کرتے ہیں۔









