ملک سیف الملوک کھوکھر

دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر جنرل عاصم منیر اس عہدے کے حقدار تھے،سیف الملوک کھوکھر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر جنرل عاصم منیر اس عہدے کے حقدار تھے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے اپنی قائدانہ صلاحیت اور جراتمندانہ فیصلوں کے ذریعے ثابت کیا کہ وہ اس عہدے کے میرٹ پر اہل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سید عاصم منیر کی دفاع وطن کیلئے گرانقدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی،ساری قوم کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ان کی قیادت میں بہادر افواج کے غازیان و شہدا ء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔

سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے بھی انتہائی تدبر اور بصیرت سے معاملات کو چلایا ، پاک افواج نے بھارت کو فضائوں سمیت ہر طرح کے جنگی محاذ پر دھول چٹائی جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی رہنمائی اوروزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے سفارتکاری کے محاذ پر بھی بھارت کو شکست فاش سے دوچار کیا ۔