راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک دشمن کی بلوچستان کی امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہیں۔انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفاتح کی شہادت پردکھ کا اظہار کیا اور دعا مغفرت بھی کی۔واضح رہےکہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پرحملہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ضلع خوشاب کے رہائشی لانس نائیک منظر عباس اور خضدار کے رہائشی سپاہی عبدالفتاح شہید ہوگئے۔