ڈاکٹر عشرت العباد خان 48

ملک جنگی صورتحال سے گزر رہا ہے جبکہ بین الاقومی حالات بھی تشویش ناک ہیں،ڈاکٹرعشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ،سربراہ ایم پی پی ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ملک جنگی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ جبکہ بین الاقومی حالات بھی تشویش ناک ہیں۔ معاشی بحران اور انسانی المیہ نے جنم لے لیا ہے۔ دنیا کے اکثریت ممالک جنگ بندی کے لئے امریکہ کے کردار کے خواہاں ہیں۔ ایران کے ساتھ ہونے والا سلوک تمام امت مسلمہ کے لئے غور طلب ہے ان حالات میں مہنگائی کا طوفان عوام کی گزر وبسر کے حالات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ افغانستان کو افواج پاکستان منہ توڑ جواب دے کر بھارتی اور افغانی عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں ہمیں متحد قوم کی طرح سیاست کو بالائے طاق رکھ کر پاکستانی زندہ قوم کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جو جماعتیں اب بھی احتجاج اور سیاست کو فوقیت دے رہی ہیں وہ ملک کے ساتھ بہتر رویہ نہ ہونے کا ثبوت دیں گی۔ پاکستان کے 25کروڑ عوام ایک پیج پر اور فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں مذید کفایت شعاری اور اشرافیہ دل کھول کر عوام کے لئے ساتھ دیں تاکہ پٹرول سمیت کسی بھی شے کی قیمت نہ بڑھے ہم دنیا کی بہترین قوم بہترین فوج اور بہترین عوام ہیں اور یہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے۔ اختلافات بالائے طاق رکھیں اور آگے بڑھیں۔ ملک کو گڈ گورننس سے ہی موجودہ وقت سے نکالا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ میں روزانہ ساتھیوں کے اجلاس میں انہیں قائد اعظم کے فرمودات سنا کر بتاتا ہوں کہ انہوں نے لائن آف ایکشن بھی دی ترقی کا فارمولا بھی دیا۔ ہمیں کڑے وقت میں جڑے رہنا ہے حالات اللہ کی رضا سے بہتر ہوں گے ایم پی پی ملک گیر تحریک چلا رہی ہے ہم ہمیشہ زندہ باد پاکستان اور پاکستان میری پہچان کی سوچ کے محافظ اور عملدار ہیں۔ عید کے بعد ساتھی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں