لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملکی قرضہ کئی گنا بڑھ گیا ہے، غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں، عام آدمی کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے، حکومت معیشت میں بہتری کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے، اپوزیشن کے سوالوں کا جواب تک بھی نہیں دے رہی۔
پیر کو سابق وزیراعظم و رہنما پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے سارے معاملات میں اثرات انداز ہو رہی ہے، تحریک انصاف کا تیسرا بجٹ ہے، مہنگائی کہاں پہنچ گئی ہے، غریب عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہونے کے اثرات بھی عام عوام تک نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ابھی تک گالم گلوچ کر رہی ہے، اپوزیشن کے سوالوں کا جواب نہیں دیتی، ملک کا قرضہ کئی گنا بڑھ گیا ہے لیکن حکمران ہر روز جھوٹ بولتے ہیں۔