'خادم حسین

ملکی سیاسی حالات سے کمزور معیشت مزید متاثر ہورہی ہے ‘خادم حسین

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ عالمی حالات اور ملکی سیاسی حالات سے کمزور معیشت مزید متاثر ہورہی ہے،قومی اسمبلی تحلیل کرنے اور معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے سے سرمایہ کار اور تاجر طبقہ پریشان اور گومگو کا شکار ہے ،غیر ملکی سرمایہ کار ملکی حالات سے پریشان ہیں اور سرمایہ ملک سے فرار ہورہا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کیلئے مسائل پیدا کر رہا ہے سیاستدانوں کے بیانات اور رویوں سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے غیر ملکی سرمایہ کار ی میں کمی کے ساتھ ساتھ تجارتی خسارہ بھی بڑھ رہا ہے .

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارے میں70فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک تجارتی خسارہ35ارب93کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ مارچ کے دوران سیاسی عدم استحکام کے باعث تجارتی خسارے میں3ارب 44کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ۔تجارتی خسارے میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے قرضوں ،روپے کی قدر میں کمی جیسے شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے اور ملکی میں مہنگائی کا ہوشربا سیلاب برپا ہے ۔روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ سے ہر طبقہ فکر متاثر ہورہا ہے ان سب کا حل ملکی سیاسی استحکام میں ہے ۔سیاسی جماعت اختلاف ختم کرکے ملکی معیشت پر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوں تاکہ ملک معاشی خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔