حافظ طاہر اشرفی

ملکی سلامتی کے اداروں پر تنقید کسی صورت قابل قبول نہیں :حافظ طاہر اشرفی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں پر تنقید کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے ،گزشتہ چند دنوں کے دوران ملکی سلامتی کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، بات یہ ہے کہ وہ آپ کی بات مانیں تو وہ وقت کے ولی اللہ اور نہ مانیں تو غدار ، صورتحال اتنی گھمبیر ہوچکی ہے کہ سلامتی کے اداروں کے سربراہان کو پریس کانفرنس میں آکر حقائق بیان کرنے پڑ رہے ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ میں گواہ ہوں بند کمروں میں معافی تلافی اور خوش کلامی کا جبکہ باہر آکر غداری اور دھمکیاں لگائی جاتی ہیں ایسے کام سے پاکستان دشمن قوتیں بالخصوص بھارت خوش ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف شہید کے اوپر سیاست کی گئی یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اگر آج عمران خان کا لانگ مارچ پرامن انداز میں چل رہاہے تو یہ آئی ایس آئی کی وجہ سے ہے ایک افسر کا بار بار نام لیا جارہا ہے جس کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دنیا نے تسلیم کیا میں پوچھتا ہوں کہ کیا اعظم سواتی حلفاً یہ کہہ سکتے ہیں جس افسر کا نام لیا وہ ملوث ہے اگر ارشد شریف اس ملک میں رہتا تو یہ حادثہ پیش نہ آتا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولا جارہا ہے کہ شہباز شریف کو سعودی عرب اور قطر میں تعاون نہیں ملا جو کام آپ کی وجہ سے رکا ہوا تھا وہ اب ہونے جارہا ہے عرب ممالک سے بہت بڑی انویسٹمنٹ ہونے جارہی ہے ۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ ریڈ لائن ہے ا س ملک میں کوئی ریڈ لائن ہے تو وہ فوج ہے عمران خان کو اقتدار سے فوج نے نہیں گرایا بلکہ اپنے وزن سے گرے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو اس لئے باہر آنا پڑا کیونکہ عمران خان نے ارشد شریف کے قتل کو اداروں پر ڈالنا شروع کردیا تھا آپ کی بات مانی جائے تو ٹھیک اور اگر اختلاف کیا جائے تو پھر ٹھیک نہیں بند کمروں میں معافی تلافی ، محبت اور باہر مخالف باتیں کرنا یہ کئی ماہ سے چل رہا ہے سلامتی کے اداروں اور افواج کی قربانیوں کی وجہ سے ہم سکون سے رہ رہے ہیں سلامتی اداروں اورافواج پاکستان کو نشانہ نہ بنایا جائے ہم یہ برداشت نہیں کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے لئے ریڈ لائن ہمارا دین ، وطن اور فوج ہے کوئی اس خام خیالی میں نہ رہے کہ وہ ریڈ لائن ہے ۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ارشد شریف پوری قوم کا شہید ہے وزیراعظم نے ارشد شریف کے قتل پر کمیشن بنایا ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلیمان جلد پاکستان کا دورہ کرینگے آنے والے دنوں میں پاکستان میں بہت بڑا سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے