رپورٹنگ آن لائن
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے ملکی تاریخ میں پہلی بار, ایف بی آر کے تفویض کردہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے شہر میں سمگلڈ اور جعلی برانڈز کے سگریٹوں کے خلاف کریک ڈوان شروع کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے بیسیوں سگریٹ کے ڈبے ضبط کرلیے ہیں۔

وفاقی بورڈ آف ریونیو کے 15 جولائی 2025ء کے تاریخی نوٹیفکیشن کے فوراً بعد 19 نومبر کو پنجاب حکومت نے بھی جعلی اور بغیر ٹیکس اسٹیمپ والے سگریٹس/تمباکو کے خلاف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کوصوبے میں بھر پور مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

جس پر ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی عمران اسلم نے ان ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے 21 نومبر کو باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا جس میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور مری کے ایکسائز افسران کو فوکل پرسن نامزد کر کے فوری ٹیمیں بنا کر تمام سگریٹ کی دکانوں اور پان کی دکانوں پر چھاپہ مار کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

ڈائریکٹر ایکسائز کی تحریری ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی گل شیر خان کی سربراہی میں ایکسائز انسپکٹر مہوش چوہدری، انسپکٹر فیاض بابر، کانسٹیبل ہاشم خان،ھواد ، حسن اور اخلاق خان پر مشتمل ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں پر چھاپے مارتے ہوئے سمگلڈ اور جعلی سگریٹوں کے لاکھوں روپے مالیت کے بیسیوں سگریٹ کے ڈبے قبضے میں لیتے ہوئے آر ٹی او آفس میں رپورٹ جمع کروادی ہے۔

یوں ایکسائز راولپنڈی صوبے میں جعلی اور سمگل شدہ سگریٹوں کے خلاف کارروائی کرنے والا پہلا صوبائی دفتر بن گیا ہے جس پر ڈایریکٹر ایکسائز راولپنڈی عمران اسلم نے آی ٹی او ایکسائز راولپنڈی گلیشیر خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔











