ملتان جلسہ

ملتان جلسہ روکنے کیلئے گرفتاریاں اور تشدد بدترین فسطائیت ہے، ترجمان بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ملتان جلسہ روکنے کیلئے گرفتاریاں اور تشدد بدترین فسطائیت ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ علی قاسم گیلانی کو ایک ماہ کیلئے جیل بھیجنا حکومت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت خود تو اجتماعات کرتے پھر رہی ہے اور کورونا کی آڑ میں اپوزیشن کو دبانا چاہتی ہے، جب حکومتیں سیاسی کارکنوں سے ڈر جائیں تو وہ ان کے آخری دن ہوا کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن حکومت کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنا کر (آج) پیر کوملتان میں جلسہ کرے گی، چند جلسوں سے ڈر جانے والی حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اسے اب جانا ہے ،جیالے اور پی ڈی ایم کے کارکن جوک در جوک ملتان آ رہے ہیں ، ریاست کی طاقت سے عوامی طاقت کو نہیں دبایا جا سکتا ۔