مسرت جمشید چیمہ

مقبولیت کے زعم میںمبتلا حکمران غیر جانبدار سروے کرالیں حقیقت سامنے آ جائیگی’ مسرت چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مقبولیت کے زعم میںمبتلا فارم 47مارکہ حکمران غیر جانبدار سروے کراکے دیکھ لیں حقیقت ان کے سامنے آ جائے گی ،جیل کی صعوبتوں کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان او ران کی اہلیہ بشری بی بی ڈٹ کر کھڑے ہیں جس سے کارکنوں کے حوصلے کو بھی تقویت مل رہی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ جعلی حکمرانوں کی صرف آنیاں جانیاں دیکھنے والی ہیں، کوئی ایک بھی ایسا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا جس سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آ ئی ہو ۔ رمضان میں کن لوگوں کو امداد مل رہی ہے کسی کو کچھ معلوم نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی میں کمی کے دعوے صرف بیانات تک محدود ہیں ، وزیراعظم کے نوٹس لینے کے بعد روزہ داروں کو اوپن مارکیٹ میں چینی مزید 10روپے اضافے سے 180روپے کلو میں ملنا شروع ہو گئی ہے .

پرائس کنٹرول کا کوئی میکنزم نہ ہونے کی وجہ سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ حکومت کے زیر انتظام بازاروں میںلوگ قطاروں میں لگ کر شناختی کارڈ پرف صرف دو کلو چینی لے سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نام نہاد تجربہ کار حکمرانوں کی وجہ سے ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب گامزن ہے لیکن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے ۔