اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے، 24 اکتوبر کا دن آزاد کشمیر کی تاریخ میں انتہائی اہم مقام رکھتا ہے، 24 اکتوبر 1947 کو کشمیری عوام نے اپنی لازوال قربانیوں سے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھی، 24 اکتوبر عہد تجدید کا دن ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اتوار کو وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے 74ویں یوم تاسیس کے حوالے سے پیغام میں کہا کہکشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کے لیے بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نہتے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز اور جھوٹے مقابلوں میں شہید کررہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے تمام سفاکانہ اقدامات کو بےنقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،
وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بھرپور انداز میں اٹھائی ہے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظالمانہ اقدامات سے متعلق ڈوزیئر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال کا عالمی دنیا کو فوری نوٹس لینا چاہیے، عالمی برادری حق خودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔