سینیٹر شیری رحمان

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 2 سال مکمل ہو گئے ہیں، شیری رحمان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 2 سال مکمل ہو گئے ہیں، مودی حکومت نے عملی طور پر کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا جیل بنایا ہوا ہے، 9 لاکھ سے زائد غاصب بھارتی فوج نے ریاسی طاقت کے زور پر معصوم کشمیریوں پر ظلم و جبر اور قتل و غارت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

جمعرات کو انہوں نے اپنے بیان کہا کہ کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے جبکہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تنازعہ ہے ، عالمی دنیا اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہیں کروا سکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے عالمی برادری خاموشی توڑے اور کردار ادا کرے ، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے،کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہمیں مسلسل آواز اٹھانی چاہیے ، پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی کشمیریوں کی آواز ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔