سرینگر(رپورٹنگ آن لائن)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ مارچ میں 11بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کے گئے اعداد و شمار میں کہا گیا کہ ان میں سے تین نوجوانوںکو جعلی مقابلوں میں شہید کیاگیا ۔بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر پیلٹ فائرنگ اور آنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے51نوجوان شدیدزخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران پولیس ،فوج اور این آئی اے 110شہریوںکو گرفتار کی جن میں بیشترسیاسی کارکن ، نوجوان اور طلباء شامل تھے ۔
حراست میں لیے گئے کئی افراد پر بعد میں کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ اوریو اے پی اے ( غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون ) لاگو کیے گئے۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ایک خاتون کی بے حرمتی کی اور 12گھروں کو نقصان پہنچایا۔