سری نگر(رپورٹنگ آن لائن) بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ مہینے 24کشمیری نوجوان بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض اور ظالم بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ ماہ 24نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی تاحال جاری رکھی ہوئی ہے، گزشتہ ماہ میں 24کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید جبکہ 59 کو زخمی کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری رکھا ہوا، تازہ ریاستی دہشتگردی کی کارروائی وادی کے ضلع شوپیاں میں ہوئی جہاں پر قابض بھارتی فوج نے 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ جولائی میں 9مظاہرین پیلٹ گنز کےاستعمال سے زخمی ہوئے جن میں سے چار افراد بینائی سے محروم ہوگئے، بھارتی فوج نے نام نہادآپریشن کے نام پر 98 بے گناہ افراد کو گرفتار کرکے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔
بھارتی فوج نے 11گھر بھی تباہ کردیے، واضح رہے کہ رواں سال 8 ماہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے172کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں ۔دریں اثنا مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی آباد کاری کا خوفناک منصوبہ بندی کرلی ہے،
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت وادی کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو اسی انداز میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جیسے اسرائیل نے فلسطین میں یہودی بستیاں آباد کر کے کیا۔