مقبوضہ بیت المقدس (رپورٹنگ آن لائن )اسرائیل میں ہزاروں مظاہرین نے مقبوضہ بیت المقدس میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسرائیل میں ایک حلقے کا کہنا ہے کہ جب عدالت میں نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کی سماعت جاری ہے تو پھر وہ حکومت کی قیادت کیسے کر سکتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کو اس وقت جہاں عدالت میں بدعنوانی کے مقدمے کا سامنا ہے وہیں بڑھتی بے روزگاری اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔
پیر کے روز بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے والے بہت سے کارکنان نے ان کی رہائش گاہ کے باہر اپنے خیمے نصب کر لیے تھے اور وہ اب بھی وہیں موجود ہیں۔ دریں اثناء-04 منگل کی شب پولیس نے 50 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے کے دوران اشتعال انگیزی کی کوشش کر رہے تھے۔