لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک شرح سود کوسنگل ڈیجٹ میں لائے تاکہ مقامی سطح پر سرمائے کی قلت کا خاتمہ ہو سکے ،آمدن کے تناسب کے مقابلے میںمہنگائی کی شرح بڑھنے سے عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے جس سے ہر طرح کے کاروبار میں مندی کا رجحان ہے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک میں اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ شرح سود ہے جس کی وجہ سے مقامی سطح پر سرمائے کی قلت کا رجحان ہے ۔
لوگ سرمایہ مارکیٹ میں لگانے کی بجائے بینکوں میں رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ جو لوگ بینکوں سے قرضے لے کر کاروبار کرنا چاہتے ہیں وہ موجودہ حالات میں موجودہ سطح پر ادائیگی کرکے کاروبار نہیں کر سکتے۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے جس سے ہماری معیشت میں تحرک پیدا ہوگا۔انہوںنے مزید کہا کہ عوام کی قوت خرید ختم ہو نے کی وجہ سے ہرطرح کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،ایک اندازے کے مطابق خریداری کے رجحان میں 40سے 50فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔









