لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت کی ایف آئی سی میں بچوں کی کارڈیک سرجری کرنے والے یوکے کے ڈاکٹرز سے ملاقات ہوئی۔ِیوکے کے ڈاکٹرز ڈاکٹر سندیپ، ڈاکٹر عمر عزیز اور ڈاکٹر عمران سعید نے ایف آئی سی میں اب تک 7 بچوں کی کارڈیک سرجری مکمل کرلی ہے۔اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، کمشنر فیصل آباد ڈویڑن مریم خان اور ڈی سی ندیم ناصر موجود تھے۔
فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی انتظامیہ اور صدر چیمبر آف کامرس بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے برٹش ڈاکٹرز کے وفد سے بچوں کی کامیاب کارڈیک سرجری پر اظہار تشکر کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کامیاب کارڈیک سرجری کے بعد زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کے والدین سے بھی ملاقات کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آئندہ ایک سال میں دل میں سوراخ بچوں کی سرجری 3 سے بڑھا کر 6 ہزار کردی جائے گی۔
ایف آئی سی میں کارڈیک ڈاکٹرز کی تعداد بڑھادی گئی ہے اور مزید اضافہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود بچوں کی کارڈیک سرجری بارے فیڈ بیک لیتی رہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈاکٹر فرقد عالمگیر کے توسط سے برٹش وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی کاوشیں معصوم چہروں پر مسکراہٹ لے آئی ہے۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 150 کامیاب آپریشن ہو چکے ہیں۔ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں،تمام وسائل مہیا کریں گے۔
مفت علاج ہر مریض بچے کا حق ہے، ریاست اپنا فرض ضروری نبھائے گی۔ بعدازاں صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میڈیا نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد پہنچے ہیں۔ بچوں کے پیدائشی طور پر دل میں سراخ کی بیماری کے حوالے سے ایف آئی سی میں موجود ہیں۔ عوام کیلئے صحت کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں کیپسٹی بلڈنگ کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ کڈنی ٹرانسپلانٹ اور کوکیکلر ایمپلائنٹ کا منصوبہ بھی لایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ڈاکٹرز کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 40 تک کر دی گئی ہے۔ بچوں او ربڑوں کے آپریشن بھی ہوں گے۔ الائیڈ ہسپتال میں بہت سے دیگر یونٹس ہیں اسکی استعداد کار بھی بڑھا رہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈاکٹرز کی خالی سیٹیں جو ہیں وہ آئندہ سال میں پر ہوں گی۔
ایم آر آئی مشینیں آ رہی ہیں۔ ہارٹ سرجری کے مریض بچوں کی بہت بڑی ویٹنگ لسٹ تھی جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ ہم بیرون ملک سے ڈاکٹرز لا رہے ہیں تاکہ ہمارے ڈاکٹرز سیکھیں بھی اور کام بھی کریں۔ ڈاکٹر سنجے وشانی نے کہاکہ پہلا دورہ ہے ، ڈاکٹر عمران، عمر اور ڈاکٹر عائشہ ہمارے ساتھ آئی ہیں۔ہر تین ماہ بعد آیا کریں گے اور بچوں کی ویٹنگ لسٹ کم ہو گی۔