لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ہائیکورٹ نے مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے پولیس کو مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 4مئی تک ملتوی کر دی۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے اغوا ء کیس میں نامزد ملزم ملزم فہد امجد کی دائر بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سی پی او سے استفسار کیا کہ کیا انہوں نے کیس کو دیکھا ہے۔جس پر سی پی او فیصل آباد نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ابھی کیس کا جائزہ لیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایسے معاملات میں ایس پی انویسٹی گیشن کو بھی خصوصی طور پر توجہ دینی چاہیے۔ مغوی لڑکی ابھی تک بازیاب نہیں ہو سکی۔ اس پر سی پی او نے استدعا کی کہ پولیس مغویہ کی بازیابی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ کچھ مہلت دی جائے۔عدالت نے مغوی لڑکی کی بازیابی کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4مئی تک ملتوی کر دی۔








