خواجہ حبیب

معیشت کی مضبوطی کیلئے مقامی صنعتوں کو فروغ دینا ہو گا‘خواجہ حبیب

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے مقامی صنعتوں اور چھوٹے کاروبار کو فروغ دینا ہوگا، اِس اہم معاشی نکتے پر عمل پیرا ہوئے بغیر ملک اقتصادی میدان میں ترقی نہیں کر سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سے وابستہ تاجروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔خواجہ حبیب نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ سے ہی معیشت مستحکم اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، حکومت کو چھو ٹے کاروباروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے تمام شراکت داروں سے مشاورت کرنی چاہیے اور اس ضمن میں ان کے لئے ایس ایم ایزفنڈ قائم کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباروں کے معاملے پر جلد پیش رفت کرتے ہوئے بلا سودی یا کم سے کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی ممکن بنانی چاہئے جبکہ دیگر مراعات و محصولات کی مد میں بھی سہولت کو ممکن بنایا جائے کیونکہ اِس وقت ملکی معیشت کورونا کی وبا اور بعض معاشی پالیسیوں و کوتاہیوں کے سبب شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راوی سٹی اور آئی لینڈ سٹی بڑے منصوبے ہیں جن سے نہ صرف ملکی تعمیراتی شعبہ ترقی کرے گا اور مقامی لوگوں کیلئے روزگار بڑھے گا بلکہ انکی معاشی حالت بھی بہتر ہوگی۔

جبکہ اِن منصوبو ں میں انویسٹمنٹ کیلئے سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کے علاوہ، بیرونی سرمایہ کاروں کی ان منصوبوں میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے بھی جامع حکمت عملی بنائی بنانی چاہیے۔