پرویز حنیف

معیشت کی بہتری کیلئے زمینی حقائق کے مطابق پالیسی تشکیل دینا ہو گی ‘ پرویز حنیف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر پرویز حنیف نے پاکستانی معیشت کی پائیدارترقی کیلئے برطانوی معیشت دان کی نگرانی میں 5 سالہ پلان کی تیار ی پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا پانچ سالہ پلان پر عملدرآمد کیلئے غیر ملکی ہی ذمہ داریاں نبھائیں گے ،

ہمیں اپنی معیشت کی بہتری کے لئے زمینی حقائق کے مطابق قلیل المدت اور طویل المدت پالیسی تشکیل دینی ہے اور جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا جاتا مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے ۔اپنے بیان میں پرویز حنیف نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے غیر ملکی ماہرین سے مشاورت لینے میں کوئی حرج نہیں لیکن جب تک اپنے ملک کے نجی شعبے سے اسٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل نہیں کریں گے

اس کے مطلوبہ نتائج نہیں نکل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق 2028 تک سالانہ 6 فیصد معاشی ترقی، برآمدات 60 ارب ڈالر تک لے جانے کا پلان تجویز کیا گیا ہے لیکن کیا برآمدی شعبوں سے پوچھا گیا ہے کہ ان کی مشکلات کیا ہیں ، انہیں کن مراحل پر مشکلات درپیش ہیں ۔ حکومت مجوزہ پلان کی حتمی منظوری سے قبل اسے تمام چیمبرز ، ایسوسی ایشنز اور دیگر تنظیموں کو ارسال کرکے اس کے ڈرافٹ پر مشاورت اور تجاویز لے۔
٭٭٭٭٭