لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں.
پائیدار معیشت کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو بلا تاخیر میثاق معیشت کیلئے پیشرفت کرنی چاہیے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کو بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف دے ، چھوٹے کاروبار کی ترقی کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے معاونت کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر اربوں روپے کے ٹیکسز کی ادائیگی کے ساتھ لاکھوںلوگوں کا روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں، ہم واضح کہتے ہیں جو تاجر اپنے حصے کا ٹیکس نہیں دیتا اسے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکسز اکٹھے کرنے کے لئے ضرور اقدامات کرے لیکن اس کے لئے جب تک اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا جائے گا.
اس وقت تک سو فیصد کامیابی ممکن نہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف خود اعتراف کر چکے ہیں کہ موجودہ ٹیکس سلیب زیادہ ہے ،اس لئے مطالبہ ہے اس کی شرح کو کم کیا جائے ۔