لاہور ( ر پورٹنگ آن لائن) نامور اداکار معمر رانا نے کہاہے کہ اگر معیار اچھا ہو تو کم بجٹ کی فلمیں بھی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہیں ،فلمیں بنیں گی تو سنیمائوں کی رونق میں اضافہ ہوگا، فلم انڈسٹری کی سرپرستی کون کر رہا ہے آج تک اس کا معلوم نہیں ہو سکا اور یہی ہماری سمت نہ ہونے کا ثبوت ہے ۔ایک انٹر ویو میں معمر رانا نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے جس طرح ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اچھا اور معیاری کام ہو رہا ہے اسی طرح فلم انڈسٹری میں بھی اچھے موضوعات لے کر معیاری فلمیں بنائی جائیں۔ضروری نہیں ہے کہ ہم بڑے بجٹ کی فلمیں بنائیں کم بجٹ کی فلمیں بھی آج کے دور میں زیادہ کامیاب ثابت ہوسکتی ہیں لیکن فلم کا معیارا چھا ہونا چاہیے ۔ہمیں فلم انڈسٹری کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے کسی کو ذمہ داری سونپنی ہو گی تاکہ ا س کیلئے بھی پالیسی بن سکے اور اس کی مشکلات کو حکومت کے سامنے پیش کیا جا سکے ۔