اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یومِ صحت کے موقع پر تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط، جامع اور مؤثر صحت کے نظام کی اہمیت پر زور دیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی صحت قومی ترقی اور سماجی استحکام کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری طبی سہولیات تک رسائی عوام کو بااختیار بنانے اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے خاص طور پر پسماندہ اور دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مؤثر ہم آہنگی، وسائل میں اضافہ اور جدید طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر پر مبنی صحت کے نظام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے اور بروقت تشخیص کو ترجیح دینے کی تلقین کی۔
انہوں نے متعدی اور غیر متعدی امراض کے تدارک کے لیے آگاہی مہمات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صحت کے نظام کی بہتری کے لیے قانون سازی اور پالیسی سطح پر مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ایک صحت مند اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔عالمی یومِ صحت کے موقع پر چیئرمین سینیٹ نے صحت کی مساوی سہولیات کی فراہمی کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قوم کی صحت ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔









