رپورٹنگ آن لائن۔۔۔
ڈائیریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد رانا انتخاب احمد نے ایم آر اے فیصل آباد شیخ ارشد حمید کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے دو یوم کے اندر جواب طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای ٹی او شیخ ارشد حمید کو شہری کی طرف سے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت جونئیر کمپیوٹر آپریٹر ساجد گجر اور امان اللہ کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب نہ دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا
شہری کی طرف سے ساجد گجر اور امان اللہ کی طرف سے گزشتہ تین برسوں کے دوران Un-Fedڈیٹا کے حوالے سے کی گئی فیڈنگ کی معلومات مانگی گئی تھیں۔جسے ایم آر اے شیخ ارشد حمید نے فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ڈائیریکٹر ایکسائز فیصل آباد رانا انتخاب احمد نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ای ٹی او شیخ ارشد حمید سے جواب طلب کرلیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ دو یوم کے اندر جواب نہ دینے پر اس کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شوکاز نوٹس میں آگاہ کیاگیا ہے کہ ای ٹی او مذکورہ نے شہری کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب نہ دے کر رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت پنجاب انفارمیشن کمیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے اور اعلی افسران کے ایک خط کو غلط طورپر بنیاد بنایا ہے۔