پنجاب انسٹی ٹیوٹ

معروف نیورو سرجن پروفیسر انجم حبیب وہرہ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پنز منتخب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران کا پہلاباقاعدہ اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں بورڈ کے ممبران نے متفقہ طور پر معروف نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ کو بورڈ کا چیئر مین منتخب کر لیاہے۔ انہیں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال سے گریڈ 21میں ریٹائرڈ ہونے والے پہلے پرنسپل کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نیورو سرجری، دماغی امراض اور میڈیکل کے شعبے میں کسی تعارف کے محتاج نہیں اور وہ طب کے شعبے کے علاوہ انتظامی امور میں بھی وسیع تجربے اور اعلیٰ شہرت کے حامل ہیں۔ اس انتخاب کے فوراً بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بورڈ آف مینجمنٹ کے نو منتخب چیئر مین پروفیسر انجم حبیب وہرہ اور دیگر ممبران کو ادارے کی ورکنگ اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور اس انسٹی ٹیوٹ میں بالخصوص دماغی امراض اور اُن کے جدید علاج معالجے کے حوالے سے بتایا۔

 پنجاب انسٹی ٹیوٹ
انتخاب کے بعد چیئر مین بی او ایم پنز پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومت، عوام اور بورڈ کے ممبران کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ادارے کو بہتر سے بہتر بنانے اور نیورو انسٹی ٹیوٹ کو فروغ دینے و نیک نامی کیلئے اپنی تمام تر پیشہ وارانہ صلاحیتیں بر ؤئے کار لائیں گے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بورڈ کے ان ممبران اور ادارے کی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزمزید ترقی کرے گا اور عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کے بہتر علاج معالجے،جدید طبی تکنیک متعارف کروانے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے بھی وہ اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے تاکہ اس ادارے کو مزید بہتر مقام حاصل ہوسکے اور بالخصوص دماغی امراض میں مبتلا لوگوں کو زیادہ سہولتیں مل سکیں۔