لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ نائمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈ رائٹر اشفاق احمد سے ان کی خاندانی وابستگی ہے۔حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر کھل کر گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ معروف ادیب و ڈراما نگار اشفاق احمد میرے قریبی رشتے دار تھے۔انہوں نے بتایا کہ اشفاق احمد میری والدہ کے کزن اور میرے ماموں تھے۔سینئر اداکارہ نے بتایا کہ والدہ ریڈیو پاکستان میں صداکار تھیں، مگر جب میں نے شوبز میں قدم رکھنے کی خواہش کا اظہار ماموں کے سامنے کیا تو انہوں نے مجھے تاکید کی کہ ان کا نام کبھی استعمال نہ کروں ورنہ لوگ مجھے اقربا پروری کی پیداوار کہیں گے، اس لیے 35 برس تک اس بات کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا۔
نائمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ ماموں اشفاق احمد شادی کی تقریبات سے گریز کرتے تھے، کبھی خاندان کی کسی تقریب میں نہیں جاتے تھے بلکہ شادی میں جانے کے بجائے ان کے گھر جا کر سلامی وغیرہ دے آتے۔انہوں نے اس بارے میں وضاحت دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ماموں کہا کرتے تھے اگر میں تقریب میں شریک ہوں گا تو لوگ دلہا دلہن کو چھوڑ کر مجھ پر توجہ دیں گے، لیکن مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ایک مرتبہ میری شادی کی سالگرہ پر آئے تھے جس پر مجھے آج بھی فخر محسوس ہوتا ہے۔