فیصل کریم کنڈی

معذور بچوں کو باعزت زندگی فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد/پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ معذور بچوں کو باعزت زندگی فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،خصوصی افراد کیلئے مساوی مواقع فراہم کیے بغیر ایک فلاحی معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا.

یہ بچے صرف اپنے والدین کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کی مشترکہ امانت ہیں اور انہیں باوقار شہری بنانا ہم سب کا فرض ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روزگورنر ہاؤس پشاور میں اصغر مہمند فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام معذور بچوں میں ویل چیئرز کی تقسیم کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔

تقریب میں فاؤنڈیشن کے چیئرمین اصغر خان مہمند، فلاحی کارکنان، والدین، معذور بچے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ گورنر نے اپنے خطاب میں معذور بچوں اور ان کے اہل خانہ کو خوش آمدید کہا اور8 معذور بچوں میں ویل چیئرزتقسیم کیے۔فاؤنڈیشن کے چیئرمین اصغر خان مہمندنے اس موقع پر گورنرکوتنظیم کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیااورکہاکہ تنظیم کے رضا کار نوجوان خدمت خلق کے جذبہ کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اصغر مہمند فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی بحالی، تعلیم و صحت کے شعور کو اجاگر کرنے اور روزگار کی فراہمی کے لیے ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، لیڈی ہیلتھ ورکرز، خواتین کے لیے مخصوص نشستیں اور ویمن بینک جیسے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ کے قریب خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفیدہورہی ہے۔گورنرنے کہاکہ گورنرہاؤس کے دروازے تمام طبقہ فکرکے لوگوں کیلئے کھلے ہیں اور بہت جلد صوبہ کے ہونہار کھلاڑیوں کیلئے اسپورٹس ایوارڈ کی تقریب منعقد کی جائیگی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے تنظیم کے کارکنوں میں گورنر ہاؤس کی جانب سے تعارفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیں۔