احسن اقبال

معذور افراد حکومت کی خصوصی توجہ کا مرکز ،انہیں معاشرے کیلئے بوجھ نہ سمجھیں’احسن اقبال

نارووال( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ معذور افراد حکومت کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں،انہیں معاشرے کیلئے بوجھ نہ سمجھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام معذور افراد میں اسسٹو ڈیوائسز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو مختصر جنگ میں اللہ تعالی نے جو کامیابی دی ہے اس پر میں آپ سبھی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔جن جہازوں پر انڈیا کو فخر تھا ہمارے شاہینوں نے وہی 6جہاز زمین پر گرا کر انکا غرور خاکہ میں ملا دیا۔بھارت نے اپنا جو جھوٹا امیج دنیا کے سامنے بنایا تھا وہ صرف چند گھنٹوں میں زمین بوس ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کا فوج کے خلاف کیا جانے والا پراپیگنڈا سراسر جھوٹا نکلا۔سوشل میڈیا اور حقیقت کی دنیا میں بہت فرق ہے۔انسان کو حقیقت کی دنیا میں جینا چاہیے نہ کے سوشل میڈیا کے زہریلے پراپیگنڈے سے متاثر ہو۔اس مختصر جنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کی بے باک قیادت نے جرات مندانہ فیصلے کیے۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے معذور افراد کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

سپیشل پرسنز کے ساتھ محبت کرنے والوں پر اللہ تعالی کی خصوصی مہربانی ہوتی ہے۔اپنے معذور افراد کا خصوصی خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔معروف سائنس دان سٹیف ہاگن نے جسمانی معذوری کے باوجود سائنس کی دنیا میں انقلاب بھرپا کردیا تھا۔جسمانی معذوری سے ذہنی معذوری زیادہ بدتر ہے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی حکومت جب آتی ہے وہ ترقی کے منصوبے لے کے آتی ہے ۔آج کا نارووال تعلیمی اداروں کا شہر ہے۔ہم نے نارووال کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔بعد ازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے معذور افراد میں وہیل چئیرز،مصنوعی سماعت کے آلات،واکر اور چھڑیاں تقسیم کیں۔