لاہور(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کا دورہ کی اورسٹارٹ اپس، دبئی ایکسپو کے وزیٹرزاور سرمایہ کاروں سے گفتگو کی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں عالمی شہرت کی حامل سرمایہ کار کمپنیوں سے طے پانے والے معاہدوں کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے۔معاہدوں پر عمل درآمد سے 45ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری سے پنجاب کی معیشت مضبوط ہوگی اور نئے صنعتی یونٹس لگنے سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں سٹارٹ اپس کو اپنے آئیڈیاز شیئر کرنے کے لئے عالمی پلیٹ فارم مہیا کیا گیا جس سے انہیں فائدہ ہوگا۔پنجاب کے دستکاروں نے اپنی ہینڈی کرافٹس کی نمائش کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا جو قابل تعریف ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہینڈی کرافٹس کی فروخت بڑھا کر پنجاب کی معیشت کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ حکومت نے دستکاروں کو آرٹیزن ویلیجز بنا کر اپنے فن کو نکھارنے کا پلیٹ فارم دیا ہے جس سے انہیں فائدہ ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان قرضے دیے جارہے ہیں۔ ہنر مند نوجوان حکومت کی اس شاندار سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ دبئی ایکسپو کے پاکستان پویلین میں روزانہ ہزاروں لوگ آتے ہیں اور وزیٹر ز پاکستان پویلین کو نمبر ون قرار دے رہے ہیں۔ اس موقع پرپنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹر کریئٹواینڈ کلچر یاور مہدی نے صوبائی وزیر کو دبئی ایکسپو میں جاری سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔